عام سوالات

 اردو زبان کی اہمیت کیا ہے ؟
کسی قوم کی زبان اس کی تہذیب، ثقافت اور اُس کی پہچان ہوتی ہے۔ زندہ اقوام اپنی قومی زبان پر فخر کرتی ہیں اور یہ پختہ یقین رکھتی ہیں کہ باہم قومی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ ترقی کا ایک اہم ذریعہ قومی زبان  ہے۔  تحریک پاکستان میں اسلام کے بعد مسلمانان برصغیر کے اتحاد کا سب سے بڑا ذریعہ اردو زبان تھی، یہی وجہ ہے کہ قائد اعظم نے قیام پاکستان کے فورا بعد واضح کردیا تھا کہ پاکستان کی قومی زبان صرف ایک اور وہ اردو ہوگی۔

اردو زبان کی تعلیمی اہمیت کیا ہے ؟
دنیا کے اکثر ممالک اپنی قوم کو تعلیم اپنی قومی زبان میں دیتے ہیں، خاص طور سے ابتدائی تعلیم۔ جاپان نے شکست کے بعد اپنی زبان اور تعلیمی نظام کو برقرار رکھا اور چالیس سال کے اندر عالمی قوت بن گیا۔
چین نے اپنی قومی زبان میں تعلیم حاصل کرکے خود کو عالمی طاقت کے طور پر منوالیا۔ پاکستان میں بھی بارہا یہ کوشش کی گئی کہ قومی تشخص کی بقاء اور تحفظ کے لیے قومی زبان اردو ایک اہم ذریعہ بنے۔ پاکستان کے تمام علاقے اور ان کی زبانیں قابل احترام ہیں۔ پاکستان میں ہر فرد کو یہ حق ہے کہ وہ اپنی ثقافت اور زبان کا تحفظ اور اس پر فخر بھی کرے۔ لیکن ان تمام مختلف اللسان اکائیوں کو جوڑنے والی واحد زبان اردو ہےاور سب کو یہ بات باور کرانے کی ضرورت ہے کہ اردو ان تمام زبانوں کی حریف نہیں حلیف ہے، اسی طرح تمام زبانیں بھی اردو کی حریف نہیں حلیف ہیں، اور ہر دو زبانوں کے لیے یہ تعاون و اشتراک از حد ضروری ہے کیوں کہ قومی زبان ہی قومی یک جہتی کا باعث بنتی ہے، اس کے بغیر حقیقی تعلیم اور ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، اسے ذریعہ تعلیم بنا کر ہی ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

زبانوں کی تفریق:
مختلف زبانوں اور مختلف سطح کے نظام ہائے تعلیم قوم میں صرف تفریق ، احساس برتری اور کم تری کا ذریعہ بنی ہیں نہ کہ کسی قومی تعاون و اشتراک کا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان میں دو طبقات نے جنم لیا ہے، ایک احساس برتری کا شکار حکمران طبقہ دوسرا احساس محرومی کا شکار محکوم طبقہ۔ اس کا واحد حل پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے قومی زبان میں تعلیم ضروری ہے۔ جب تدریسی قابل فہم ہوگی تو طالب علم نہ صرف مضمون کو سمجھ سکے گا بلکہ اس حوالے سے وہ اپنے خیالات و تصورات کو بہتر انداز میں پیش کر سکے گا۔ 

۔